سیمی کے سابق صدر و جنرل سکریٹری منسوبہ الزامات سے بری

حیدرآباد۔30۔ ستمبر (سیاست نیوز) اسٹوڈنٹ اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) پر مرکزی حکومت کی جانب سے امتناع عائد کرنے کے بعد درج کئے گئے مقدمات میں آج سابقہ سیمی کے صدر اطہر قریشی اور جنرل سکریٹری احمد حسین کو یہاں کی مقامی عدالت نے بری کردیا۔ 28 ستمبر 2001 ء میں سیمی پر امتناع کے بعد ملک بھر میں سیمی ارکان پر مقدمات درج کئے گئے تھے اور اس سلسلہ میں حیدرآباد پولیس نے بھی تنظیم کے ارکان پر مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ 29 ستمبر2001 ء کو چادر گھاٹ پولیس نے اس وقت کے سیمی کے صدر اطہر قریشی، احمد حسین جنرل سکریٹری اور مولانا محمد نصیرالدین کے فرزند مقیم الدین یاسر کے علاوہ جاوید امین کو گرفتار کیا تھا، اس کیس میں صرف اطہر قریشی اور احمد حسین پر مقدمہ چلایا گیا جبکہ مقیم الدین یاسر طویل عرصہ تک اندور مدھیہ پردیش جیل میں محروس رہنے اور جاوید امین مفرور رہنے کے باعث ان دونوں کو مقدمہ سے علحدہ کردیا گیا۔ نامپلی کریمنل کورٹ کے 14 ویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن نے وکیل دفاع مسٹر عظیم الدین ایڈوکیٹ اور خالد سیف اللہ کی پیروی کے بعد آج اپنے فیصلہ میں دونوں ملزمین کو الزامات سے بری کردیا۔ واضح رہے کہ اس وقت کے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر ایس اوما پتی اس کیس میں شکایت درج کروائی تھی۔