سیمی پر امتناع کی توثیق

نئی دہلی ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ پیانل نے آج اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) پر مزید 5 سال امتناع میں توسیع کے مرکز کے فیصلہ کی آج توثیق کی ہے۔ عدالت نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اسپیشل ٹریبونل قائم کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بے قصور افراد کے خلاف مقدمات درج نہ ہو۔ جسٹس سریش کائت کی زیرقیادت غیرقانونی سرگرمیوں (روک تھام) ٹریبونل نے اپنی رپورٹ میں وزیراعظم نریندر مودی کی لوک سبھا میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کے خلاف مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ پینل نے کہاکہ مرکزی حکومت خصوصی ٹریبونل کے قیام پر بھی غور کرسکتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ صرف مجرمین کو ہی سزاء ملے۔ پینل نے مختلف ریاستی ایجنسیوں پر بھی تنقید کی جو عمومی انداز میں کئی افراد کو ٹریبونل کے روبرو حاضر ہونے کی نوٹس دے دیا کرتے ہیں۔ یہ بات بھی نوٹ کی گئی کہ کئی افراد کو جن کا تعلق سیمی سے نہیںہے اور نہ ہی وہ کسی فوجداری مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں، پھر بھی انہیں نوٹس جاری کی گئی ۔