سیما آندھرا کیلئے 10 سال تک خصوصی موقف :بی جے پی

کڑپہ 29 اپریل (پی ٹی آئی) بی جے پی کے قومی لیڈر وینکیا نائیڈو نے آج سیما آندھرا کے علاقہ میں وعدہ کیاکہ اگر اِن کی پارٹی کو مرکز میں اقتدار کیلئے ووٹ دیا گیا تو 10 سال کیلئے اِس خطہ کو خصوصی موقف دیا جائے گا۔ رائے چوٹی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم منموہن سنگھ جنھوں نے ایک خانگی ملاقات میں 10 سال کے لئے سیما آندھرا کو خصوصی موقف دینے کا مطالبہ قبول کیا تھا بعدازاں وہ اپنے وعدے سے منحرف ہوگئے اور پارلیمنٹ میں صرف 5 سال کے موقف کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ساری دنیا بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر اپنی نظریں مرکوز کئے ہوئے ہے۔جبکہ امریکہ جس نے قبل ازیں اِن کے ویزے کو مسترد کردیا تھا، اب ان کے استقبال کے لئے آنکھیں بچھائے کھڑا ہے۔ صرف ایک کارکرد قیادت ہی ریاست اور ملک کی ترقی کو یقینی بناسکتی ہے۔ چندرابابو نائیڈو اور مودی میں یہ خوبیاں ہیں اور دونوں مل کر ریاست اور ملک کو ترقی دیں گے۔ اُنھوں نے کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پر تنقید کی ۔