سیما آندھرا سے نا انصافی کا ازالہ کرنے وزیر اعظم سے خواہش : نائیڈو

حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے متوقع چیف منسٹر و صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو نے دورہ دہلی کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ 12 نامور شخصیتوں و مرکزی وزرا کے ساتھ بات ہوئی ۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاست کی تقسیم کے باعث آندھرا پردیش کے ساتھ نا انصافی کو دور کرنے اقدامات کی وزیر اعظم سے اپیل کی گئی ۔ علاوہ ازیں سیما آندھرا کو مختص برقی میں کمی کو این ٹی پی سی سے مکمل پوری کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ تلنگانہ کیلئے مختص رقومات میں کمی نہ کرنے کی خواہش کی ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ 8 جون کو انکی حلف برداری میں شرکت کی وزیر اعظم سے خواہش کی ہے جس پر نریندر مودی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب حلف برداری کیلئے اہم قومی قائدین کو مدعو کیا گیا ہے اور ان تمام کی شرکت متوقع ہے ۔