سیریز میں کامیابی نہیں ورلڈ کپ کی تیاری اہم : شعیب ملک

شارجہ ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا کیخلاف ونڈے سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں ناکامی کے بعد شعیب ملک نے کہا ہے کہ آخری گیند تک مقابلہ مثبت پہلو ہے ،سیریز جیتنا اصل مقصد نہیں بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحتوں کا اندازہ کر رہے ہیں،اگر حریف اوپنر بڑی اننگز کھیل جائے تو جیتنا مشکل ہوتا ہے۔ شارجہ میں ناکامی کے بعد پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ایک مرتبہ پھر یہی کہا ہے کہ ان کے بولروں ابتدائی اوورز میں وکٹیں گرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے لیکن مجموعی طور پر دیکھا جائے تو کچھ مثبت پہلو بھی سامنے آئے جن میں سے ایک یہ تھا کہ پاکستان نے آخری گیند تک مقابلہ کیا ۔ کارگزارکپتان نے مزیدکہا کہ ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جن کو مواقع فراہم کر رہے ہیں اور محمد رضوان کا سنچری اسکور کرنا اس مثبت پہلو کی نشاندہی ہے کہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ورلڈکپ جیسے اہم ایونٹ کیلئے پاکستانی ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔شعیب ملک نے ناکامی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اس سیریز کیلئے بہت سے اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا ہے جن کی جگہ بعض دوسرے کھلاڑیوں کو آزمائش پر اتارا جا رہا ہے لہٰذا بین الاقوامی کرکٹ میں اس طرح کے نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حریف ٹیم کا اوپنر ہی 150سے زیادہ رنزکی اننگز کھیل جائے تو پھر میچ جیتنا مشکل ہو جاتا ہے۔ آئندہ میچ میں وہ مزید نوجوان پلیئرز کو موقع دیں گے کیونکہ یہ سیریز جیتنے کا معاملہ نہیں بلکہ اپنے ان کھلاڑیوں کو آزمانا ہے جو بینچ پر بیٹھے اپنے موقع کے منتظر ہیں کیونکہ اسی طرح اندازہ کرنا ممکن ہوگا کہ ورلڈکپ میں کون سے کھلاڑی ٹیم کیلئے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔