سیریز جیت کیلئے ہندوستان کو 7 وکٹیں، سری لنکا کو 319 رنز درکار

فیصلہ کن تیسرے ٹسٹ میں میزبان ٹیم 386 رنز کے ٹارگٹ پر 67/3 ، آج آخری روز دلچسپ کھیل متوقع
کولمبو ، 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے سری لنکائی سرزمین پر 22 سال میں اپنی پہلی سیریز جیت پر نظریں جماتے ہوئے میزبانوں کو 67/3 کی نازک صورتحال تک گھٹا دیا ہے جبکہ انھوں نے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹسٹ میں آج یہاں سری لنکا کیلئے 386 کا بڑا وکٹری ٹارگٹ مقرر کیا۔ کل کی 21/3 کی نازک صورتحال سے آگے کھیلتے ہوئے ہندوستان نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز میں 274 رنز بنائے اور پھر جزیرہ والوں کو دوسرے آخری روز مشکل حالات سے دوچار کردیا۔ ہندوستان کو اب بقیہ سات وکٹیں پانچویں روز حاصل کرنا ہے تاکہ تاریخی ٹسٹ سیریز جیت درج کرائی جاسکے۔ ہندوستان نے سری لنکامیں آخری مرتبہ 1993ء میں محمد اظہر الدین کی قیادت میں ٹسٹ سیریز 1-0 سے جیتی تھی۔ 386 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبانوں کو آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ سری لنکا نے پہلی وکٹ ایک رن پر کھو دی تھی۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز اپل تھرانگا تھے جو اننگز کے پہلے اوور کی آخری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ ہوئے۔ بعد میں دیموتھ کرونارتنے (0) اور دنیش چندیمل (18) بھی آؤٹ ہوئے۔ اوپنر کوشل سلوا 24 پر اور کپتان انجیلو میتھیوز 22 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم دوسری اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے سری لنکا پر 385 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی۔ صبح می  ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز 21/3 سے دوبارہ شروع کی تو کپتان ویراٹ کوہلی جلد ہی 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد روہت شرما اور اسٹوارٹ بنی نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور 118 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پر روہت نصف سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ روہت کے پویلین لوٹنے کے بعد بنی نے ایک طرف وکٹ سنبھالے رکھی اور اسکور 160 تک پہنچا دیا۔ وہ ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور دمیکا پرساد (4/69) کی تیسری وکٹ بنے۔ نمن اوجھا کو رنگنا ہیراتھ (1/89) نے آؤٹ کر کے اس اننگز میں اپنی پہلی وکٹ لی، وہ 35 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد کیچ ہوئے۔ امیت مشرا 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے لیکن نویں نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والے روی چندرن اشوین (58) نے نصف سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط کر دی۔ سری لنکا کیلئے پرساد کے علاوہ نوان پردیپ (4/62) نے بھی چار وکٹیں لئے۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں ہندوستان کے 312 رنز کے جواب میں 201 رنز بنائے تھے اور اس طرح ہندوستان کو 111 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔ تین ٹسٹ میچوں کی سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے ہندوستان کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔ اس کے بعد ہندوستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔