سیرت نبیؐ انسانیت کیلئے بادبہار

علماء کونسل کا جلسہ سیرتﷺ ، مولانا صلاح الدین سیفی کا خطاب
حیدرآباد /8 جنوری ( راست ) تاریخ کے سینہ میں نہ جانے کتنے اہم واقعات چھپے ہوئے ہیں لیکن 22 اپریل 571ء کو تاریخ کا وہ اہم واقعہ پیش آیا جس نے دنیا کے دھارے کا رخ موڑ دیا اور ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تاریخ کے سینہ پر ایک نقش چھوڑ دیا ۔ جہاں اس کے دھارے نے نیا رُخ اختیار کیا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا صلاح الدین سیفی نے کیا ۔ مفتی عبدالغنی مظاہری نے کہا کہ سرور عالم ﷺ پر عمل پیرا ہوکر دنیا کا ہر فرد اس عالم کیلئے رحمت و برکت کا سبب بن سکتا ہے ۔ مفتی غیاث الدین رحمانی نے صحابہ کرام ، معلم انسانیت ، ہادی برحق ، کی نگاہ فیض کے پروردہ تھے ۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ سیرت نبویؐ انسانیت کیلئے بادبہا ہے ۔ مولانا محمد یوسف زاہد تلنگانہ علماء کونسل کے ریاستی صدر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سیرت پاکﷺ کا ہر حصہ ایسا ہے جس سے نتائج کے دفتر کے دفتر نکل سکتے ہیں ۔ مفتی احمد عبدالحبیب تنویر نے بڑی عمدگی کے ساتھ جلسہ کی کارروائی چلائی اور علماء کونسل کی 5 سالہ کارکردگی پر مشتمل رپورٹ بھی پیش کی اور خطبہ استقبال سنایا ۔ قاری عبدالباری کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ حافظ اُسید نے بارگاہ خیرالانام میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ صدر کے ہاتھوں آصف ندوی کی لکھی ہوئی سیرت کی کتاب کا رسم اجراء عمل میں آیا ۔ آخر میں مہمان خصوصی مولانا صلاح الدین سیفی نے رقت آمیز دعاء کی ۔ حافظ شبیر فیضی کنوینر جلسہ کے شکرانہ کلمات پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔