سید ابراہیم کو محبوب نگر سے کانگریس ٹکٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم

مسلمانوں کی بے چینی کا کانگریس سے ازالہ، خالد رسول خاں کا بیان

حیدرآباد 30 مارچ (پریس نوٹ) صدر کل ہند مسلم سنگھم جناب خالد رسول خان نے اپنے صحافتی بیان میں محبوب نگر کے مسلم قائد سید ابراہیم کو پارٹی میں شامل کرنے اور محبوب نگر اسمبلی حلقہ سے اپنا امیدوار بنانے کے اعلان پر تلنگانہ پردیش کانگریس کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ابراہیم کا مسئلہ تلنگانہ کے پورے مسلمانوں کا حساس مسئلہ بنا ہوا تھا جس کو حل کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کیا ہے۔ اُنھوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا سے کل ہند مسلم سنگھم کے وفد کی ملاقات اور تلنگانہ میں سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے لئے درکار اقدامات کے متعلق کی گئی نمائندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سنگھم نے آبادی کے تناسب سے تلنگانہ میں مسلمانوں کو درکار مواقع کے متعلق صدر پی سی سی سے نمائندگی کی جس پر تیقن دیا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس راہول گاندھی وچار دھارا پر کام کرتے ہوئے تلنگانہ میں سماجی انصاف کو یقینی بنانے کا کام کیا جائے گا۔ جناب خالد رسول خان نے کہاکہ صدر ٹی پی پی نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ تلنگانہ کی 85 فیصد آبادی پسماندگی کا شکار طبقات پر مشتمل ہے جن کو اعتماد میں لئے بغیر تلنگانہ میں کوئی بھی کام کرنا کسی بھی پارٹی کے لئے محال ہے اور کانگریس اس بات کا خاص خیال رکھے گی۔