سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی سے گریز

بہتر حکمرانی اور مؤثر عمل آوری، مودی حکومت کی ترجیح: وینکیا نائیڈو
بنگلور /30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت اپنے سیاسی مخالفین بشمول رابرٹ وڈرا کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کرے گی۔ اس سوال پر کہ آیا حکومت، وڈرا کے خلاف کارروائی کرے گی، جو مبینہ طورپر اراضیات کے متنازعہ معاملتوں میں ملوث ہیں؟۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے جواب دیا کہ ’’میں کوئی سیاسی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا، ہم کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کرنا نہیں چاہتے، تاہم قانون اپنا کام کرے گا‘‘۔ واضح رہے کہ لوک سبھا کی انتخابی مہم میں نریندر مودی اور بی جے پی نے رابرٹ وڈرا کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا، نیز اراضیات پر ان کی متنازعہ معاملتوں پر ویڈیو اور کتابچہ جاری کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ سب سے پہلے بہتر حکمرانی اور مؤثر عمل آوری پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جس کے بعد ہی دیگر امور پر توجہ دی جائے گی۔