سیاسی قوت ارادی کے فقدان سے انصاف میں تاخیر

دہلی ہائیکورٹ کی گولڈن جوبلی تقاریب سے چیف منسٹر کا خطاب
نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج کہاکہ انصاف میں تاخیر کی وجہ سیاسی قوت ارادی کا فقدان ہے اور یہ تیقن دیا ہے کہ قومی دارالحکومت میں فراہمی انصاف کے نظام کو چاق و چوبند کردیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر سیاسی قوت ارادی مضبوط ہو تو عدلیہ کا نظام بھی مستعد اور فعال ہوجائے گا جس کا فائدہ انصاف کے طلبگاروں کو پہونچے گا۔ دہلی ہائی کورٹ کی گولڈن جوبلی تقاریب کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر اروند کجریوال نے کہاکہ حکومت دہلی، عدلیہ کو ہرممکنہ تعاون فراہم کرے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کیسیس کی سماعت کے بعد اندرون 6 ماہ فیصلہ سنادیا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ آج کل عوام میں غلط حکمرانی کا احساس جاگزیر ہوگیا جس کے باعث قانون سازوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف شکایات بڑھتی جارہی ہیں۔ ان حالات میں عدلیہ سے انصاف کی توقع رکھی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عدلیہ پر عوام کے اٹوٹ اعتماد کے پیش نظر اسے آزاد اور خود مختار ہونا چاہئے اور عدلیہ کے کام کاج میں سرکاری حکام اور قانون سازوں کی مداخلت شروع ہوگئی تو عوام کا اعتماد اُٹھ جائے گا اور عدلیہ کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت دہلی عدلیہ کے کاج میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔