سیاسی رہنماوں اور فوجی افسران میں اختلاف نہیں:عباسی

لندن، 30اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کے آئینی اداروں کے درمیان کسی بھی طرح کے اختلاف سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور فوج کے افسران کے درمیان اچھی مطابقت ہے ۔یہاں ہیتھرو ہوائی اڈے پر مسٹر عباسی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو کسی طرح کی سیاسی سازش میں یقین رکھتے ہیں اور نہ ہی ان کے ملک میں اس کے لئے کوئی جگہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں کے درمیان اختلافات کی خبریں صرف ٹی وی چینلوں پر ہی دکھائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے ساتھ اسلام آباد میں ہوئی میٹنگ میں اہم سیاسی لیڈروں کے علاوہ فوج کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ مسٹر عباسی نے کہا کہ ملک کے تمام آئینی اداروں نے قومی ترقی کے لئے بنائی گئی پالیسی میں اپنے اپنے اہم رول ادا کئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ میعاد ختم ہونے سے قبل ملک میں عام انتخابات کرانے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ۔