سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کے دوبدو پروگرام کو قطعیت

والینٹرس کو فکر مند خواتین کو رہنمائی کرنے کی ہدایت ، منفرد پروگرام کے انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( دکن نیوز ) : مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کا مشاورتی اجلاس آج شام دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست (عابڈز ) منعقد ہوا ۔ جس میں اتوار کو منعقد شدنی دوبدو ملاقات پروگرام کو قطعیت دی گئی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ اس منفرد پروگرام میں خواتین اپنے لڑکوں و لڑکیوں کے رشتوں کا انتخاب بآسانی کریں گی ۔ اس سلسلہ میں انہیں تمام تر سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں ۔ خاص طور پر لڑکیوں کو اپنے ہمراہ لانے کی اجازت دی جارہی ہے تاکہ لڑکے والوں کو اپنی مرضی کے مطابق لڑکی پسند کرنے کا موقعہ مل سکے ۔ لڑکیوں کو پسند کرنے کے بعد مائیں یا بہنیں باہمی مشاورت کے ذریعہ اس سلسلہ کو آگے بڑھا سکتی ہیں ۔ باہمی مشاورت کے لیے علحدہ نشستیں فراہم کی جارہی ہیں تاکہ آزادانہ ماحول میں ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کا موقع مل سکے ۔ جناب عابد صدیقی نے صدارتی تقریر میں کونسلرس اور والینٹرس پر زور دیا کہ وہ فکر مند ماؤں اور بہنوں کی ہر طرح سے رہنمائی کریں اور انہیں اس بات کی ضمانت دیں کہ من پسند رشتوں کے انتخاب میں ایم ڈی ایف کی جانب سے مکمل اور بھر پور تعاون کیا جائے گا ۔ انہوں نے والینٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ جذبہ خدمت کو اولین ترجیح دیں اور اس بات کی کوشش کریں کہ اس پروگرام کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ رشتے طئے پائیں ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ لڑکیاں کونسلنگ ہال میں اپنی ماؤں و بہنوں کے ساتھ رہیں گی اور لڑکے والے ان سے ربط پیدا کریں گے ۔ اس مقصد کے لیے لڑکوں کی ماؤں و سرپرستوں کو پیلے ربن اور لڑکیوں کی ماؤں کو سبز ربن دئیے جائیں گے تاکہ ایک دوسرے سے ربط پیدا کرنے صحیح نشاندہی ہوسکے ۔ نئے رجسٹریشن کے علاوہ گذشتہ چار ماہ کے دوران رجسٹرڈ شدہ پیامات کی تفصیلات دستیاب رہیں گی ۔ دوبدو پروگرام کی صدارت نامور خاتون دانشور محترمہ خورشید فرزانہ معاون ناظم جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ کریں گی ۔ محترمہ شریفہ آمنہ نظامت کے فرائض انجام دیں گی ۔ اس پروگرام میں مرد حضرات کا داخلہ قطعی طور پر ممنوع ہوگا ۔ مرد حضرات سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے ایس اے ایمپرئیل گارڈن ( ٹولی چوکی ) کے پاس ٹھہرنے کی زحمت نہ کریں ۔ اجلاس میں ڈاکٹر ایس اے مجید ، ایم اے قدیر ، میر انور الدین ، خدیجہ سلطانہ ، ڈاکٹر دردانہ ، سید الیاس باشاہ ، محمد شاہد حسین ، سید ناظم الدین ، محمد نصر اللہ خاں ، احمد صدیقی مکیش ، صالح بن عبداللہ باحاذق ، ایم اے واحد ، سید اصغر حسین ، کوثر جہاں ، رفیعہ سلطانہ ثانیہ ، افسر سعیدہ ، سیدہ محمدی ، زبیدہ بیگم ، مہر النساء بیگم اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس کا آغاز صالح بن عبداللہ باحاذق کی قرات سے ہوا ۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ نے شکریہ ادا کیا ۔۔