سیاست طرحی غزل انعامی مقابلہ نتائج

واحد نظام آبادی کو پہلا ، اقبال شیدائی کو دوسرا انعام
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سیاست کے انعامی مقابلہ کے لیے جولائی کے اواخر میں حضرت جگر مراد آبادی کے ایک شعر کا مصرعہ ’ وہی دل ہے مگر آواز مدھم ہوتی جاتی ہے ‘ دیا گیا تھا ۔ بے شمار شعراء نے اس طرحی غزل انعامی مقابلہ میں حصہ لیا واحد نظام آبادی کی غزل کو انعام اول 5000 روپئے کا حقدار قرار دیا گیا ۔ اقبال شیدائی کی غزل کو 3000 روپئے کا انعام دوم حاصل ہوا ۔ اعجاز احمد خاں اعجاز کی غزل 2000 روپئے کے تیسرے انعام کی مستحق رہی جب کہ الہامی واحدی مسعود فراز نرمل ، اکبر خان اکبر ، سحر مجیدی ، یوسف روش ، ڈاکٹر سلیم عابدی ، سید مقیت حسینی مقیت ، حسن عابدی ، قاری انیس احمد قادری شرفی انیس اور انجی کمار گوئل کو فی کس ایک ہزار روپئے انعام کے مستحق قرار دیا گیا ۔ اسی طرح فی کس 500 روپئے انعام پانے والوں میں صادق علی فریدی ، ضمیر یوسف ، رفیع اللہ رفیع ، اشفاق الرحمن انصاری ، سید جنید حسینی جنید ، ولی محمد زاہد ہریانوی اور رحمت سکندرآبادی شامل ہیں ۔ اس مرتبہ غزل انعامی مقابلہ کے لیے حیدر علی آتش کے شعر کا یہ مصرعہ ’’ کعبے میں چل کے سجدہ تجھے چار سو کرے ‘‘ دیا گیا ہے ۔ مکمل شعر اس طرح ہے :
اس شش جہت میں خوب تری جستجو کرے: کعبے میں چل کے سجدہ تجھے چار سو کرے
اسی بحر ردیف اور قافیے میں پانچ اشعار کی غزل روانہ کرنے آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے ۔