سیاحوں کی سیر و تفریح کیلئے الیکٹرانکس آٹوز متعارف

تاریخی مقامات کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کا فیصلہ، رعایتی شرح پر سفر کی سہولت
حیدرآباد ۔30 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے تاریخی و سیاحتی مقامات کی سیر و تفریح کیلئے سیاحوں کی سہولت کی خاطر پہلے مرحلے میں 50 الکٹرانک آٹوز چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر منوہر نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں سیاحوں کیلئے ای ۔ آٹو متعارف کیا جارہا ہے۔ تاریخی مقامات کو آلودگی سے پاک بنانے کیلئے الیکٹرانک آٹوز چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پہلے مرحلہ میں 50 الکٹرانک آٹوز سیاحوں کیلئے دستیاب رکھا جارہا ہے۔ یہ آٹوز سیاحوں کو تاریخی مقامات کی سیر کرائیں گے۔ واضح رہیکہ تاریخی 400 سالہ چارمینار کو پیدل راہ پراجکٹ کے طور پر اعلان کیا گیا ہے جہاں سیاحوں کیلئے ای ۔ آٹوز چلائے جائیں گے۔ بیاٹری سے چلنے والے ای گاڑیوں کی چارجنگ کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ انہیں چارجنگ کرنے کیلئے محکمہ سیاحت خصوصی الیکٹرانک چارجنگ اسٹیشن قائم کررہی ہے۔ اس کی منظوری کیلئے محکمہ سیاحت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو مکتوب بھی روانہ کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سے منظوری حاصل ہوتے ہی الیکٹرانک آٹوز کو متعارف کرایا جائے گا۔ محکمہ سیاحت نے الیکٹرانک آٹو کا یومیہ کرایہ 250 روپئے مقرر کیا ہے۔ 250 روپئے ادا کرتے ہوئے ٹکٹ خریدنے پر ایک دن تک شہر میں اپنے من پسند سیاحتی مقام کو سفر کرتے ہوئے جانے کی اجازت رہے گی۔ 24 گھنٹوں تک آپریٹ کی جانے والی گاڑیاں سیاحتی مقام پر دستیاب رہیں گی۔ یہ آٹوز سالارجنگ میوزیم، چارمینار، زوپارک، گنبدان قلی قطب شاہی، حسین ساگر کے علاوہ شہر کے پیالیس کے علاوہ دوسرے مقامات پر سیاحوں کو سیر کرائیں گے۔