سہارنپور فساد، چیف منسٹر پنجاب کا ملائم سنگھ سے رابطہ

چندی گڑھ ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے آج سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے رابطہ قائم کیا اور ان سے کہا کہ یو پی حکومت کو چاہئے کہ وہ ریاست کے ضلع سہارنپور میں فرقہ وارانہ فسادات کے پیش نظر سکھ طبقہ کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔ سرکاری بیان کے مطابق پرکاش سنگھ بادل نے چیف منسٹر یو پی کی مکمل مدد اور تعاون کرنے کی پیشکش کی ہے تاکہ وہ صورتحال پر قابو پاسکے۔ ملائم سنگھ یادو نے بھی انہیں تیقن دیا کہ ان کی حکومت ریاست کے ہر ایک فرد کی سلامتی کو یقینی بنائے گی۔ ریاست میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے ہر ممکنہ کوشش کی جارہی ہے۔ ٹیلیفون پر ہوئی بات چیت کے دوران پرکاش سنگھ بادل نے ملائم سنگھ یادو کی ستائش کی کہ اترپردیش میں رہنے والی سکھ برادری ترقی کر رہی ہے اور ریاست کی ترقی میں بھی ان کا اہم رول رہا ہے۔