سگریٹ نوشی کی طلب، حکمراں اور اپوزیشن ارکان میں انوکھا اعتماد

نئی دہلی ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اور اپوزیشن اگرچہ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہوگئے ہیں، لیکن حریف جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ آج اپنے ایک مشترکہ مقصد کیلئے متحد ہوگئے۔ انہیں دراصل پارلیمنٹ میں سگریٹ نوشی کیلئے ایک علحدہ کمرہ کی ضرورت تھی۔ حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر سمترا مہاجن سے مشترکہ طور پر نمائندگی کی کہ سگریٹ نوشی کیلئے علحدہ روم مہیا کیا جائے کیونکہ سنٹرل ہال سے متصلہ روم اسٹنوگرافرس کیلئے مختص کردیا گیا ہے جس پر سمترامہاجن نے مزاحیہ انداز میں ارکان پارلیمنٹ کو سگریٹ نوشی ترک کردینے کا مشورہ دیا۔ تاہم فوراً یہ بھی کہا کہ وہ تمام ارکان کے مطالبات پر غور کریں گی۔ واضح رہیکہ 2004ء میں اس وقت کے اسپیکر لوک سبھا سومناتھ چٹرجی نے پارلیمنٹ ہاؤز میں سگریٹ نوشی پر امتناع عائد کردیا تھا جس کے بعد سنٹرل ہال سے متصلہ لابی میں ارکان پارلیمنٹ سگریٹ نوشی کیا کرتے تھے۔