سکھوں کیلئے کرتارپور کوریڈر کھولنے پاکستان کا فیصلہ

اسلام آباد ، 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہندوستان کو گرو نانک کے 550 ویں یوم پیدائش کی تقریب کیلئے کرتارپور کوریڈر کھولنے کے اپنے فیصلے سے واقف کرایا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج یہ بات کہی جبکہ یہاں دفتر خارجہ نے کہا کہ جب تک نئی دہلی اس پر اپنا ردعمل ظاہر نہ کرے وہ زیادہ کچھ نہیں کرسکتا ہے۔ قریشی کا بیان چند گھنٹوں میں سامنے آیا جبکہ ہندوستان نے پاکستان سے کرتارپور صاحب کیلئے راہداری تعمیر کرنے کی اپیل کی تاکہ ہندوستانی یاتریوں کو گردوارہ تک آمدورفت میں سہولت حاصل ہوسکے، جو سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو کی آخری آرامگاہ ہے۔ کرتارپور صاحب پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع نروال میں واقع ہے اور ایسے مطالبات ہوتے رہے ہیں کہ اسے پنجاب کے ضلع گرداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے جوڑنے کا کوریڈر تعمیر کیا جائے۔ قریشی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان پہلے ہی بابا گرو نانک کی 550 ویں یوم پیدائش تقاریب کیلئے کرتارپور کوریڈر کھولنے کے اپنے فیصلے سے ہندوستان کو واقف کراچکا ہے۔ پی ایم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور کامپلکس میں سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ہم سکھ کمیونٹی کا پاکستان کو اس پرمسرت موقع پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ ترجمان وزارت امور خارجہ راویش کمار نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا ہے کہ سکھ کمیونٹی کے جذبات کو تسلیم کرے اور کوریڈر تعمیر کریں، جو گرو نانک دیو کی آئندہ سال 550 ویں یوم پیدائش تقاریب منانے کیلئے جمعرات کو کابینہ کی منظورہ قرارداد کی مطابقت میں ہے۔ اس کے جواب میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تحریری طور پر تجویز پیش کی ہے کہ کرتارپور کے بشمول تمام مسائل پر بات چیت منعقد کی جائے، لیکن ہندوستان نے آگے بڑھنے سے انکار کیا ہے۔