سکندرآباد پارلیمنٹ حلقہ میں سیکولرازم اور فرقہ پرستی کے درمیان مقابلہ

انجن کمار کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم، انیل کمار یادو صدر یوتھ کانگریس کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو نے آج اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے باپوجی نگر اور بھولکپور کے مختلف مقامات پر پدیاترا کرتے ہوئے اپنے والد و امیدوار حلقہ سکندرآباد انجن کمار یادو کی انتخابی مہم چلائی۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق کارپوریٹر ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں اصل مقابلہ سیکولرازم اور فرقہ پرستی کے درمیان ہے۔ سیکولرازم کا نقاب اوڑھنے والی ٹی آر ایس کا فرقہ پرست بی جے پی سے خفیہ اتحاد ہے۔ ٹی آر ایس کو وٹ دینا بی جے پی کی مدد کرنے کے مترادف ہے۔ اپنے حالیہ انتخابی دورے حیدرآباد کے موقع پر مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے ٹی آر ایس کو بی جے پی کی حلیف ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ ہر مسئلہ پر ردعمل کا اظہار کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر نے اس کی تردید نہیں کی جس سے تصدیق ہوگئی ہیکہ بی جے پی اور ٹی آر ایس میں میچ فکسنگ ہوگئی ہے۔ انیل کمار یادو نے اپنی پدیاترا کے دوران گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کی اور اسمبلی انتخابات میں دہرائی گئی غلطی دوبارہ نہ دہراتے ہوئے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کیلئے کانگریس کے سیکولر اور مخلص قائد انجن کمار یادو کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے انجن کمار یادو کے 10 سالہ رکن پارلیمنٹ کے دور میں حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں کئے گئے ترقیاتی پروگرامس پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پر بی جے پی کے رکن دتاتریہ نے کامیابی حاصل کی۔ چند دن تک وہ مرکزی وزیر رہنے اور مرکز میں بی جے پی حکومت ہونے کے باوجود سکندرآباد کو ترقی نہ دینے کا الزام عائد کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سکندرآباد کو سنگاپور کی طرز پر ترقی دینے کا وعدہ کیا۔ ٹی آر ایس کی پہلی میعاد میں سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے تین ارکان اسمبلی کو وزارت میں موقع فراہم کیا گیا مگر تینوں نے ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو نظرانداز کیا۔
مرکز میں کانگریس کی حکومت اور راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کیلئے سکندرآباد کے عوام کانگریس کے امیدوار انجن کمار یادو کو کامیاب بناتے ہوئے فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے، اظہارخیال کی آزادی فراہم کرنے، غربت کے خاتمہ، بیروزگاری کو دور کرنے، امن و امان کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔