سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول 4 خواتین ہلاک

حیدرآباد 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) آؤٹر رنگ روڈ کے علاقہ تکو گوڑہ پر پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں 5 افراد بشمول 4 خواتین ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں تکو گوڑہ کے علاقہ میں آؤٹر رنگ روڈ پر خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک اور ڈرائیور بشمول 4 زخمی ہوگئے۔ ریاست مہاراشٹرا کے علاقہ کونڈیا ضلع سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان کل شام اپنے مقام سے ریاست آندھراپردیش کے چتور ضلع میں واقعہ تروپتی درشن کے لئے نکلا تھا

جو صبح کے اوقات میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔ ایک کار میں 9 افراد سوار تھے جو تکو گوڑہ آؤٹر رنگ روڈ پر ٹھہری ہوئی ایک لاری سے ٹکرا گئی جس کے سبب 5 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 30 سالہ کے ویدیا، 58 سالہ بھرت لٹارو بھوگلے، 60 سالہ پوبرین، 55 سالہ وچالہ بائی اور 60 سالہ بینو بائی برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ جبکہ اس حادثہ میں ڈرائیور منوج کے ہمراہ یوگیندر پربھا بائی، سکھدیو شدید زخمی ہوگئے۔ پہاڑی شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نعشوں کو عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کردیا اور زخمیوں کا علاج جاری ہے۔