سچے مومن کا قلب حب نبویؐ سے سرشار

سنت کی پیروی کرنے کی تلقین ، تنظیم بنت حرم کا جلسہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( راست ) : نبی کریم ﷺ امام الانبیاء ، خاتم النبیین اور افضل البشر ہیں ۔ آپ ﷺ کی عظمت اور شان رفعت کو جاننے کے لیے قلب کی پاکی وطہارت ضروری ہے ۔ آپ ﷺ کی شان اقدس میں بے ادبی کی جسارت صرف کوئی ملعون ہی کرسکتا ہے ۔ جس کا دل و دماغ صفلی اثرات کا آلہ کار ہو ۔ ورنہ ایک سچے مومن کا قلب حب نبویؐ سے معمور ہوتا ہے ۔ تعظیم و تکریم سے سرشار ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم ، رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و رکن میریج کونسلنگ سنٹر فار ماینارٹیز ، تلنگانہ اسٹیٹ نے جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر خواتین و طالبات کی کثیر تعداد سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ عظیم الشان جلسہ تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام منایا جانے والا 21 واں جشن میلاد النبیؐ ہے جو 21 دسمبر 9 ربیع الاول بروز دوشنبہ 10 بجے دن بمقام اردو مسکن خلوت روڈ منعقد کیا گیا ۔ جلسے کا آغاز محترمہ صبیحہ صدیقی کی قرات کلام پاک و ترجمے سے ہوا ۔ سیدہ میمونہ نے حمد باری تعالیٰ پیش کی ۔ محترمہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنی تقریر بعنوان حب نبیؐ میں کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت اور تعظیم کا حکم قرآن دیتا ہے ۔ اس ضمن میں صحابیات کی محبت ، ایمان و جاں نثاری کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے بچوں کے عقیدے کی حفاظت کریں ، بچوں کو سنت نبویؐ سے واقف کروائیں اور اس پر کاربند رہنے کی تلقین کریں ۔ مومن وہی ہے جو سرکار ﷺ کو اپنے والدین ، اولاد اور اپنی جان و مال سے زیادہ عزیز رکھے ۔ محترمہ ڈاکٹر اشرف رفیع نے کہا کہ نبی کریم ﷺ باعث تخلیق دوجہاں ہیں اور ہر دن آپ کا ہے ۔ میلاد النبیؐ منانے کے لیے دن یا تاریخ کی پابندی ضروری نہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی اپنے حبیبؐ سے محبت کا یہ عالم ہے آپ ﷺ کا نام اپنے نام کے ساتھ جوڑ دیا ۔ اس کے بغیر کلمہ و ایمان مکمل نہیں ۔ اس بات سے اللہ کے ساتھ رسول کریم ﷺ کی بھی وحدانیت ثابت ہوتی ہے ۔ محترمہ عزیزہ محبوب معتمد تنظیم بنت حرم نے سیرت النبیؐ پر روشنی ڈالتے ہوئے عصر حاضر میں مسلم معاشرے میں جہیز وغیرہ جیسی لعنتوں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سنت کی پیروی کریں تو معاشرہ ان ساری برائیوں سے پاک ہوسکتا ہے ۔ محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم نے ذکر ولادت سرور کونینؐ بیان کیا ۔ محترمہ اصغر صدیقہ نے دعا مانگنے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دعا عبادات کا مغز ہے ۔ محترمہ رئیسہ نے وسیلۂ نبی کریم ﷺ کی اہمیت سے روشناس کیا ۔ محترمہ نکہت کوثری نے عظمتِ نبی ﷺ کے زیر عنوان تقریر کی ۔ مدرسہ بنات الحرم کی کمسن طالبہ خدیجہ نے پرجوش تقریر کرتے ہوئے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ۔ معلمات مدرسہ بنات الحرم محترمہ شاکرہ کوثر اور محترمہ یاسمین سلطانہ نے بھی سامعین کو مخاطب کیا ۔ اس جلسے کی نظامت کے فرائض اسریٰ منظور نے انجام دئیے۔ دربار رسالت ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کرنے والوں میں محترمہ نعیم النساء فاروقی ، محترمہ فضل النساء ، محترمہ عفیفہ ، محترمہ تزئین ، سیدہ میمونہ ، محترمہ ممتاز جہاں عشرت ، شمیم ، آسیہ سلطانہ ، غوثیہ بیگم ، تجمل تاج فاطمہ اور صفیہ جہاں شامل تھیں ۔ جلسے کا اختتام محترمہ رحمت النساء فاروقی کی دعا کے ساتھ ہوا ۔ اراکین تنظیم بنت حرم نے سلام پیش کیا ۔۔