سچن سب سے بہترین کھلاڑی : برطانوی وزیراعظم

نئی دہلی۔14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کو سب سے عظیم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج سچن تنڈولکر کے لئے ان کے 200ویں ٹسٹ میں بہتر مظاہرے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ سچن تنڈولکر جو کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ممبئی میں اپنے کریئر کا 200واں اور آخری ٹسٹ کھیل رہے ہیں ان کیلئے نیک تمناؤں کے پیغام میں برطانوی وزیراعظم نے کہا ہے کہ سچن تنڈولکر ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور وہ غیر معمولی کرکٹر بھی ہیں جن کیلئے میں اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچن تنڈولکر نے ہندوستانی کرکٹ کیلئے بہت کچھ کرنے کے علاوہ نوجوانوں کھلاڑیوں کو ایک رول ماڈل بھی دیا ہے ۔ واضح رہے کہ سچن تنڈولکر اپنے ہوم گراؤنڈ وانکھڈے اسٹیڈیم میں آخری مقابلے میں بیٹنگ بھی بہتر انداز میں شروع کردی ہے اور اس طرح وہ ونڈے کے بعد اب چند دنوں میں ٹسٹ کرکٹ سے بھی سبکدوش ہوجائیں گے ۔
ہندوستانی ٹیم نے خصوصی جرسی پہنی
ممبئی ۔14نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آج روایت سے ہٹ کر ٹیم کے عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر کو خراج تحسین دینے کیلئے خصوصی طور پر تیارکردہ جرسی زیب تن کی جس پر بی سی سی آئی کی جانب سے ’’ سچن رمیش تنڈولکر 200واں ٹسٹ ‘‘ تحریر تھا۔ اس سے قبل کسی بھی کرکٹر کیلئے اس طرح کی جرسی تیار نہیں کی گئی تھی ‘ حالانکہ ان سے قبل سنیل گواسکر نے اپنا آخری مقابلہ بنگلور میں کھیلا تھا ۔ کامنٹیٹرس کو بھی خصوصی جرسی دی گئی ہے جس پر ’’ ایس آر ٹی 200‘‘ درج ہے۔