سپ بلاٹر پر جعلی ڈالروں کی بارش کردی گئی!۔

زیورخ۔ 21 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے سابق صدر سپ بلاٹر کی پریس کانفرنس کے دوران مشہور کامیڈین سائمن براڈکن نے جعلی ڈالروں کی بارش کردی۔ گزشتہ روزبلاٹر کی پریس کانفرنس کے دوران  برطانوی کامیڈینصحافی کاروپ دھارے بیٹھے تھے۔ جب بلاٹر پریس کانفرنس کرنے پہنچے تو وہ اٹھ کر ڈائس کے سامنے گئے اورانہوں نے جعلی ڈالروں کے بنڈل ان کے سامنے اچھال دیئے اور کہاکہ یہ 2026ء کے ورلڈکپ کیلئے رشوت ہے۔ اسی دوران سکیورٹی اہلکاروں نے سائمن کو وہاں سے ہٹادیا۔ بعدازاں بلاٹر نے آئندہ صدارتی انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ میں آئندہ فیفا کی صدارت کیلئے اپنا نام نہیں دوں گا اور مستقبل میں ریڈیو جرنلزم کی طرف جائوں گا۔ انہوں نے فیفا کی صدارت کے دوران ایک بار پھر کرپشن کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اپنی تنخواہ اور دولت کی تفصیلات کے انکشاف سے انکار کیا ۔ فیفا ان دنوں کرپشن کے اسکینڈل کی زد میں ہے۔ فیفا پر رشوت لے کر ورلڈ کپ کی میزبانی دینے کے الزامات ہیں۔ مغرب میں لوگوں کو شرمندہ کرنے کیلئے اس طرح کی حرکت کی جاتی ہے۔ پچھلے دنوں تنظیم کے نائب صدر سمیت کئی عہدیدار بھی حراست میں لیے گئے۔ سیپ بلاٹر نے اسکینڈل کے سبب استعفی بھی دے دیا تھا۔ سیپ بلاٹر نئے صدر کے انتخاب تک اس عہدے پر رہیں گے۔