سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف احتجاج ختم کرنے کی اپیل

ایس ٹی ۔ ایس سی قانون مسئلہ پر تنظیموں کے احتجاج پر مرکزی وزیر کا بیان
نئی دہلی 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سماجی انصاف تہور چند گیہلوٹ نے آج ان تنظیموں اور انفرادی طور پر احتجاج کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ایس سی / ایس ٹی قانون پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف اپنے احتجاجی درنے کو ختم کردیں۔ حکومت نے اس حکم کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست نظرثانی داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں گیہلوٹ نے کہاکہ حکومت نے آئندہ ہفتہ سپریم کورٹ میں ایک درخواست نظرثانی داخل کرنے پر غور کیا ہے۔ اس اپیل کے ساتھ سپریم کورٹ کے احکام کو چیلنج کیا جائے گا جس میں کہا گیا ہے کہ ایس سیز اور ایس ٹیز کی مبینہ ہراسانی کے لئے کیسوں کا درج اور ازخود گرفتاری پر پابندی عائد کی جائے۔ انھوں نے کہاکہ اعلیٰ قانونی ماہرین اور عہدیداران نے مل کر سماجی انصاف کی وزارت کے ساتھ اس مسئلہ کا جائزہ لیا ہے۔ آئندہ چہارشنبہ کو عدالت میں درخواست نظرثانی داخل کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں وزارت سماجی انصاف کی جانب سے وزیر قانون روی شنکر پرساد سے ان کی قانونی رائے طلب کی گئی ہے۔ اس بات کی تشویش پیدا ہوتی ہے کہ ایس سی، ایس ٹی قانون میں نرمی کے بعد یہ قانون غیر مؤثر ہوجائے گا اور اس کا دلتوں و قبائلیوں پر منفی اثر پڑے گا۔