سپریم کورٹ میں نواز شریف کی ضمانت کیلئے داخل کردہ درخواست مسترد

اسلام آباد ۔5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت جیل میں ہیں کی جانب سے داخل کردہ ایک اپیل کو مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے طبی بنیاد پر ضمانت منظور کرنے اور العزیزیہ بدعنوانی کیس میں انہیں دی گئی سزائے قید کو معطل کردینے کی درخواست کی تھی ۔ اپیکس کورٹ نے پیر کے روز اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے صادر کئے گئے فیصلہ پر اسی وقت سماعت ہوگی جب اس کی باری آئے گی ۔ 69سالہ نواز شریف کو گذشتہ سال ڈسمبر میں العزیزیہ اسٹیل ملز بدعنوانی کیس میں سات سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی ۔ جمعہ کے روز سینئر وکیل خواجہ حارث احمد نے سپریم کورٹ میں ایک اپیل کا ادخال کیا تھا اور اس میں خواہش کی گئی تھی کہ سابق وزیراعظم کی سزائے قید کو نہ صرف معطل کیا جائے بلکہ انہیں ضمانت پربھی رہا کیا جائے ، تاہم اپیل کو یہ کہہ کر مسترد کردیا گیا کہ نواز شریف کی درخواست کو خصوصی ’’ درجہ ‘‘ نہیں دیا جائے گا ۔ سماعت جس طرح دیگر کیسوں کی باری باری کی جاتی ہے اسی طرح باری آنے پر نواز شریف کی جانب سے داخل کردہ درخواست پر بھی سماعت کی جائے گی ۔