سُرخ رنگ کی رعنائیاں

قدرت کے تخلیق کردہ رنگوں میں سُرخ کی اپنی معنویت اور خاص اہمیت ہے۔ پُرکشش ہونے کے ساتھ سُرخ رنگ گلیمر کی نشانی ہے۔ پہناوے سے لے کر آرائش حسن تک یہ رنگ‘ میک اَپ آرٹسٹ اور فیشن ڈیزائنر کا منظور نظر ہے کیونکہ یہ نسوانیت کی بھرپور عکاسی کرنے کے ساتھ خوبصورتی‘ پُر اعتمادی اور پُرامیدی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

جبکہ جذبات کی شدت کے اظہار کیلئے لال رنگ سے بہتر کوئی نہیں‘ اور لال گلاب سے بہترین کوئی تحفہ نہیں۔ گرمیوں کی بہ نسبت سردیوں اور برسات میں سُرخ رنگ کی رعنائیاں اپنے عروج پر ہوتی ہیں۔ پرنٹیڈ کپڑوں‘ جیولری اور سینڈل میں اس کا اضافہ شخصیت کو پُرکشش بنادیتا ہے۔خصوصاً لڑکیوں اور درمیانی عمر کی خواتین پر یہ رنگ خوب جچتا ہے۔ آرائش حسن میں اس رنگ کی مقبولیت’’ ریڈ لپ اسٹک‘‘ سے ہے جو خواتین میں خاصی مقبول ہے۔ ملبوسات کی بات کی جائے تو شادی بیاہ کے خاص موقع پر دلہن کیلئے عروسی جوڑا سُرنگ رنگ کا ہی لیا جاتا ہے کیونکہ اس سے خوشی و مسرت کا اظہار ہوتا ہے ۔دنیا بھر کے مایہ ناز ڈیزائنرس اور میک اَپ آرٹسٹ کی رائے یہی ہے کہ اگر خواتین اپنی اِسکن ٹون کی مطابقت سے اس رنگ کا استعمال کریں تو پھر کوئی قباحت نہیں۔ اس لئے آپ بھی اپنی اِسکن ٹون کو مدنظر رکھتے ہوئے سُرخ رنگ کے شیڈز آزمائیں۔ مثلاً اگر آپ کی رنگت گندمی سے ذرا صاف ہے تو ریڈ کلر میں بیری اور براؤن رنگ کے امتزاج والا شیڈ بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سے چہرے پر چمک پیدا ہوتی ہے، اور رنگت کِھل اُٹھتی ہے۔ جبکہ گندمی رنگت پر ایپل ریڈ اور میرون شیڈ زیادہ مناسب ہوتاہے۔