سوڈان نے قطر سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

خرطوم ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) قطری میڈیا کے مطابق سوڈان کی وزارت خارجہ نے جمعے کے روز دوحہ سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔سوڈانی حکام نے الجزیرہ نیوز چینل سمیت قطری میڈیا کو ملک ملک سے نکال دیا ہے۔ سوڈانی ذمے داران کے مطابق اس اقدام کی وجہ مذکورہ میڈیا کی جانب سے سوڈان کے خلاف مسلسل اشتعال انگیزی ہے۔ایک با خبر سوڈانی ذریعے نے بتایا کہ سوڈان کے عبوری حکام کو اس بات کا ادراک ہے کہ دوحہ کو اپنے حلیف عمر البشیر کی معزولی سے شدید دھچکا پہنچا ہے اور وہ اس نئی صورت حال سے خوش نہیں ہے۔ اسی وجہ سے قطر اب سوڈان میں انارکی کے مقصد سے اشتعال انگیزی پھیلا رہا ہے۔ یہ کام نہ صرف الجزیرہ جیسے ذرائع ابلاغ کے ذریعے بلکہ سابق حکومت سے تعلق رکھنے والی جماعتوں سے بھی لیا جا رہا ہے۔رواں سال اپریل کے وسط میں سوڈانی حکام نے قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کی قیادت میں خرطوم پہنچنے والے وفد کا استقبال کرنے سے انکار کر دیا تھا۔