سوچھ حیدرآباد کو کامیاب بنانے جی ایچ ایم سی کے اقدامات

وزراء اور دیگر قائدین پر انچارجس کی ذمہ داری، سومیش کمار کمشنر بلدیہ کا بیان
حیدرآباد /30 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ باوقار سوچھ حیدرآباد پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے بلدیہ نے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کردیاہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس باوقار پروگرام کی کامیابی کیلئے اپنی تمام تر توجہ کو مرکوز کرنے اور بلدیہ کی افرادی قوت کو جھونک دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بلدیہ نے اس پروگرام کیلئے شہر حیدرآباد کو 400 حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے علاوہ ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی پارلیمنٹری سکریٹریز ، سینئیر آئی اے ایس عہدیداروں کے علاوہ دیگر اعلی عہدیداروں کو ان حصوں میں انچارج کی حیثیت سے ذمہ داری رہے گی اور متعلقہ عہدیدار شہر کی صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے ۔ کمشنر بلدیہ مسٹر سومیش کمار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ ان عہدیداروں کی رہنمائی اور مدد کیلئے بلدیہ کے سینئیر عہدیداروں کو مقرر کیا جائے گا ۔ کمشنر نے بتایا کہ 400 افراد بشمول عوامی قائدین اور عہدیداروں کے ہمراہ بلدیہ قصبہ جات سیانٹیشن ہیلت ، الیکٹریکل ، انجینئیرنگ ، اربن کمیونٹی ڈیولپمنٹ ٹاون پلاننگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایک ایک عہدیدار کو مقرر کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ماہ کی 6 تاریخ کو 400 کیلئے خصوصی تربیتی کلاسیس کا چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح ہوگا ۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ اس افتتاحی پروگرام میں وزراء سینئیر عہدیداروں کے علاوہ سلیبریٹیز بھی شرکت کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ماہ کی 16 تاریخ کو سوچھ حیدرآباد پروگرام کا آغاز ہوگا ۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ اس پروگرام کیلئے سرکل کمشنرس کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ ہر سگمنٹ میں کچرہ کی مکمل صفائی ، نالوں کی صفائی و مرمت و دیگر کاموں کیلئے تقریباً 100 جے سی بیز کو استعمال میں لانے کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں اور سوچھ حیدرآباد پروگرام کیلئے بلدیہ کے صدر دفتر کے علاوہ زونل دفاتر میں کنٹرول رومس کے قیام کے ساتھ ساتھ خصوصی ٹیموں کی تشکیل کی کمشنر نے ہدایت دی ہے اور اس پروگرام کے تعلق سے شہریوں میں بڑے پیمانے پر شعور بیداری کے اقدامات کو عمل میں لایا جائے گا ۔