سونیا گاندھی ہنوز یو پی اے چیرپرسن ویرپا موئیلی کا بیان

حیدرآباد 30 جنوری (پی ٹی آئی) سونیا گاندھی بدستور یو پی اے چیرپرسن ہیں، کیوں کہ وہ حلیفوں کو یکجا رکھنے کی قابلیت کی حامل ہیں، سینئر کانگریس لیڈر ایم ویرپا موئیلی نے آج یہ بات کہی جبکہ بی جے پی سے مقابلہ کے لئے متحدہ اپوزیشن فروغ دینے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ موئیلی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ سونیا گاندھی یو پی اے حلیفوں کو یکجا رکھ سکتی ہیں جیسا کہ انھوں نے 2004 ء اور 2009 ء میں کیا ہے۔ ایسی قیاس آرئیاں ہورہی تھیں کہ راہول گاندھی صدر کانگریس بننے کے بعد یو پی اے چیرپرسن کے عہدہ پر بھی فائز کئے جاسکتے ہیں۔ یہ عہدہ اُن کی والدہ سونیا گاندھی کے پاس 19 سال سے ہے۔ این سی پی سربراہ شردپوار کی اپوزیشن پارٹیوں کو یکجا کرنے کی سرگرم کوششوں پر موئیلی نے مثبت ردعمل ظاہر کیا اور کہاکہ اُنھیں سینئر لیڈر سے یہی اُمید تھی۔ پوار نے 26 جنوری کو ممبئی میں دستور بچاؤ ریالی میں حصہ لیا۔