سونیا گاندھی کی قیادت میں پارلیمنٹ میں عوامی مسائل پر جدوجہد

قائد پارلیمانی پارٹی کی حیثیت سے انتخاب پر اتم کمار ریڈی اور وینکٹ ریڈی کی مبارکباد

حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ایم پی اور بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر کی حیثیت سے سونیا گاندھی کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ دہلی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کی قیادت سونیا گاندھی نے قبول کی ہے جو خوش آئند ہے اور وہ سونیا گاندھی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں قائدین اور کارکنوں کیلئے جو پیام دیا ہے اس سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ راہول گاندھی کو پارٹی کی صدارت پر برقرار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی کی شکست کیلئے راہول گاندھی ذمہ دار نہیں، ہم نے قریب سے دیکھا ہے کہ راہول گاندھی نے پارٹی کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کی ہے۔ پارٹی کو ان کی قیادت کی ضرورت ہے۔ ملک کی بگڑتی معیشت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دن بہ دن ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے اور حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس کے بجائے دیگر مسائل کی فکر ہے اور وہ اصل مسئلہ پر بات نہیں کرتے۔ انتخابات میں بیروزگاری اور تباہ کن معیشت کو مسئلہ بنائے بغیر بی جے پی نے دیگر جذباتی مسائل کے ذریعہ کامیابی حاصل کرلی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ گزشتہ 40 برسوں میں اس قدر بیروزگاری کبھی نہیں تھی جو گزشتہ پانچ برسوں میں دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیروزگاری کے علاوہ تلنگانہ کے مسائل کو شدت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے جو رہنمائی کی ہے اس کے مطابق کام کریں گے۔ گزشتہ لوک سبھا میں 44 ارکان تھے اس کے باوجود عوام کو درپیش مسائل پر جدوجہد کی گئی۔ اب جبکہ ارکان کی تعداد 52 ہوچکی ہے کانگریس پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ سونیا گاندھی کی قیادت میں بیروزگاری اور دیگر مسائل کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی چوتھی میعاد کیلئے منتخب ہوئی ہیں۔ کانگریس واحد سیکولر پارٹی ہے جو کسانوں اور بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کیلئے جدوجہد کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پارٹی لوک سبھا میں اپنے وجود کا بہتر مظاہرہ کرے گی۔