سونیا گاندھی کی آج یوم سالگرہ

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سے ہیلت کیمپ و جلسہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے 9 دسمبر کو صدر کانگریس سونیا گاندھی کی سالگرہ ساری ریاست میں دھوم سے منانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ گاندھی بھون میں ہیلت کیمپ کا انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک جلسہ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ کیک کٹ کرنے کے علاوہ بڑے پیمانے پر آتشبازی کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے اس سلسلہ میں ریاست کے تمام کانگریس اضلاع صدور سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے 9 دسمبر کو بڑے پیمانے پر سونیا گاندھی کی سالگرہ تقریب منانے سونیا گاندھی کے بڑے بڑے کٹ آوٹس لگانے کیک کٹ کرنے ہاسپٹلس میں میوہ تقسیم کرنے اور غریبوں کو کھانا کھلانے کی ہدایت دی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پہلے سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر 9 دسمبر کو ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ کانگریس کی جانب سے اظہار تشکر کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ غریبوں میں ملبوسات بھی تقسیم کئے جائیں گے ۔ 9 دسمبر کو گاندھی بھون میں 2 پروگرامس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ سہ پہر 3 بجے مہیلا کانگریس کی جانب سے گاندھی بھون میں ہیلت کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ جس کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی افتتاح کریں گے ۔ اس کے بعد گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کی جانب سے بطور اظہار تشکر ایک جلسہ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ جس میں کیک کٹ کیا جائے گا ۔ مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی ۔ بڑے پیمانے پر آتشبازی کی جائے گی اور کلچرل پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے پیش نظر لال بہادر اسٹیڈیم میں انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا ہے ۔ رات 8 بجے اس کے اختتامی پروگرام میں اتم کمار ریڈی کے علاوہ دوسرے کانگریس قائدین شرکت کریں گے ۔۔