سونیا گاندھی سے مقابلہ کیلئے بی جے پی کی جانب سے کئی نام زیرغور

را ئے بریلی۔26 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں اتر پردیش کی 80 میں سے زیادہ تر سیٹیں جیتنے کے لیے سبھی پارٹیوں میں دوڑ لگی ہے ۔ ریاست کی ان سیٹوں میں رائے بریلی بھی ہے ، جسے کانگریس کا مضبوط گڑھ کہا جاتا ہے ۔اس سیٹ سے کانگریس کی امیدوار سونیا گاندھی ہوں گی لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے امیدوار کے نام کا ابھی انکشاف نہیں کیا ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے سابق امیدوار اجے اگروال اور کئی دیگر لیڈروں کے ناموں کا چرچا ضرور ہو رہا ہے ۔کانگریس کے لئے رائے بریلی سیٹ کتنی اہم ہے یہ اسی سے پتہ چلتا ہے کہ نہرو گاندھی خاندان کا یہاں سے پرانا ناطہ ہے ۔ جنگ آزادی کے دوران موتی لال نہرو اور 1921 میں منشی گنج میں کسانوں پر فائرنگ کے بعد جواہر لال نہرو یہاں آئے تھے ۔ کانگریس کا یہ کتنا مضبوط گڑھ ہے یہ اسی سے پتہ چلتا ہے کہ رائے بریلی میں پارٹی کو اب تک صرف تین بار شکست ہوئی ہے ۔ 1977 میں جنتا پارٹی سے راج نرائن ، 1996 اور 1998 میں بی جے پی کے اشوک کمار سنگھ نے رائے بریلی پارلیمانی سیٹ پر کانگریس کو شکست دی تھی لیکن اس کے بعد سے یہاں نہرو گاندھی خاندان کا قبضہ ہے ۔