سونیا گاندھی، تلنگانہ کے 1200 نوجوانوں کی موت کی ذمہ دار : کشن ریڈی

حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر مسٹر جی کشن ریڈی نے سونیا گاندھی کو تلنگانہ کے 1200 نوجوانوں کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے تعاون کے بغیر علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل ممکن نہیں تھی۔ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہوجانے کے بعد میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے با ت چیت کرتے ہوئے مسٹر جی کشن ریڈی نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل تلنگانہ عوام طلبہ سرکاری ایمپلائز کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ کانگریس اور سونیا گاندھی کی مرہون منت ہرگز نہیں ہے۔ کانگریسیوں کے لئے سونیا گاندھی دیوی ہوسکتی ہیں لیکن تلنگانہ کیلئے 1200 نوجوانوں کو نگلنے والی ہیں۔ اصل کہا جائے تو کانگریس قصائی پارٹی ہے۔ لمحہ آخر تک کانگریس نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ کبھی رائل تلنگانہ کا مسئلہ اٹھایا گیا تو کبھی بی جے پی پر تلنگانہ بل کی تائید نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی گئی۔ پارلیمنٹ میں پیپر اسپرے استعمال کرنے والے کانگریسی ہی تھے۔