سوم ناتھ مندر میں درشن کرنے پر وزیراعظم نے راہل پر طنز کیا

پراچی،گجرات،29نومبر (سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندر مودی نے تاریخی سوم ناتھ مندر میں درشن کرنے پر راہل گاندھی کو طنز کا نشانہ بنایا اور یہ جاننا چاہا کہ آیا انہیں یہ علم ہے کہ ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے اس وقت کے صدرجمہوریہ ڈاکٹر راجیندر پرساد کے ہاتھوں مندر کے افتتاح پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ مسٹر مودی نے ایک انتخابی جلسے میں مسٹر گاندھی کے سوم ناتھ مندر جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج آپ سوم ناتھ دادا کو یاد کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے دریافت کیا کہ کیا آپ کو تاریخ کا علم ہے ،آپ کی دادی کے والد پنڈت نہرو سوم ناتھ کی دوبارہ تعمیر پر خوش نہیں تھے ۔ مسٹر مودی کے اس بیان کو سیاسی اعتبار سے اہم تصور کیا جارہا ہے کیونکہ عوام سوم ناتھ مندر کا بے حد احترام کرتے ہیں۔
سوم ناتھ کا مندر پراچی سے بمشکل 23کلومیٹر دور ہے ۔ وزیراعظم نے یہ باتیں تقریباً اسی وقت کہی جب مسٹر گاندھی مندر کے دورے پر گئے تھے ۔

 

کوپارڑی عصمت دری معاملہ:تینوں مجرمین کو پھانسی کی سزا
پنے ،29نومبر(سیاست ڈاٹ کام)مہاراشٹر میں احمد نگر ڈسٹرکٹ اور سیشن کورٹ نے مشہور کوپارڑی عصمت دری اور قتل معاملے میں تینوں مجرمین کو آج پھانسی کی سزا سنائی ہے ۔ ان تینوں مجرمین کی شناخت جتیندر بابولال شندے عرف پپو(21)،سنتوش گورکھ بھاول(29) اور نیتن بھالومے (28) کے طورپر ہوئی ہے ۔ان تینوں نے اسی ضلع میں کوپارڑی گاؤں میں 13جولائی 2016 کو مراٹھا طبقے کی ایک 15سالہ طالبہ کی عصمت دری کرنے کے بعد اس کا قتل کردیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج سورن کیوالے نے 18نومبر کو معاملے کی سماعت کرتے ہوئے ان تینوں کو عصمت دری ،قتل اور مجرمانہ سازش کرنے کا قصوروار پایا تھا۔اس واقعہ کے بعد پورے مہاراشٹر میں 32بڑے مظاہرے ہوئے تھے ۔
اس معاملے میں پولیس نے 350صفحات کی چارج شیٹ دائر کی تھی جس میں ان تینوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 اور 376 کے خلاف الزام لگائے تھے ۔