سوشیل کمار کے خلاف ایف آئی آر،سزا کا خدشہ

نئی دہلی۔30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اولمپک میں دو میڈلس جیتنے والے سوشیل کمار کے خلاف دولت مشترکہ کھیلوں کے ٹرائل کے دوران ہوئے جھگڑے کے معاملے میں دہلی پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی گئی۔اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ہوئے ٹرائل کے دوران سوشیل کے حامیوں اور ان کے حریف پروین رانا کے حامیوں کے مابین جم کر مار پیٹ ہوئی ۔ سوشیل اور ان کے حامیوں کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کے دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ان دفعات کے تحت سوشیل کو ایک برس کی جیل یا ایک ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں بھی ہوسکتی ہیں۔سال2018 کے کامن ویلتھ گیمس میں سینئر ایشیائی چمپئن شپس کی ہندوستانی ٹیموں کے انتخاب کے لئے جمعہ کو سلیکشن ٹرائل کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن ٹرائل ہی اکھاڑے میں تبدیل ہوگیا۔ ٹرائل سے الگ سوشیل کے حامیوں اور ان کے ساتھی پہلوان پروین رانا کے حامیوں کے مابین زور دار ہاتھاپائی ہوگئی۔سیمی فائنل میں ہارنے والے رانا نے سوشیل کے حامیوں پر انہیں پیٹنے اور دھمکی دینے کے الزام لگائے جس سے دونوں پہلوانوں کے حامیوں میں جم کر مار پیٹ ہوگئی۔ پولیس نے کہا کہ اس جھگڑے کے دوران میڈیا موجود تھا اور یہ پورا واقعہ کیمروں میں قید ہوا تھا جس کی بنیاد پر پولیس نے سوشیل اور ان کے حامیوں کے خلاف ایف آئی آر کی درج کی۔