سوراج پال کی کمپنی مغربی بنگال میں اسپورٹس کار تیار کرے گی

لندن 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال جس نے سات سال قبل ٹاٹا کے ساتھ مفاہمت کرتے ہوئے نانو کار کی تیاری کی راہ ہموار کی تھی اور اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایک کامپکٹ اسپورٹس کار بھی اب کولکتہ میں ہی تیار کی جائے گی جو لارڈ سوراج پال کے کپارو تجارتی گروپ کے ذریعہ تیار کی جائے گی جس کی ڈیزائن تیار کی جارہی ہے جو کپارو T1 کے نام سے ایک چھوٹی اور سستی کار کے روپ میں قیمت کے لحاظ سے بھی قابل دسترس ہوگی۔ فی الحال اسے مارکٹ میں متعارف کرانے کے لئے نمونہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے جو ایک تیز ترین کار ہوگی۔ دریں اثناء کپارو صدرنشین لارڈ سوراج پال کے دورہ پر آئیں وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی کو بتایا کہ اُن کی کمپنی مغربی بنگال ریاست کو مجوزہ کامپکٹ اسپورٹس کار کی تیاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ سوراج پال کی لندن میں واقع قیامگاہ پر اُنھوں نے ممتا بنرجی کو چائے پر مدعو کیا تھا۔ اسی دوران انھوں نے کہاکہ وہ مغربی بنگال میں بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں جس میں مجوزہ کار کی تیاری بھی شامل ہے اور اس سلسلہ میں دنیا کے بہترین انجن سازی کرنے والی کمپنیوں سے بات چیت بھی جاری ہے۔