سوتن کے ڈر سے شوہر کے 41لاکھ روپئے کا سرقہ کرنے والی بیوی گرفتار

حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) بھاری رقم سوتن کے ہاتھ لگنے کے خدشہ کے تحت شوہر کی رقم کا سرقہ کرنے والی ایک خاتون کو پولیس سرور نگر نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب سدھا نامی ایک خاتون نے جو نارائنا نامی شخص کی پہلی بیوی بتائی گئی ہے، شوہر کی جانب سے مکان میں رکھی گئی 41 لاکھ روپئے کی بھاری رقم کا کل شام سرقہ کرلیا۔ مکان سے رقم کے اچانک غائب ہوجانے سے پریشان نارائنا نے پولیس سرور نگر میں شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کا معائنہ کیا جس سے ثابت ہوا کہ سرقہ کے دن نارائنا کے مکان میں کوئی بھی نامعلوم شخص داخل نہیں ہوا۔ پولیس تحقیقات میں شدت کو دیکھ کر سدھا نے فوری مسروقہ رقم کو شوہر کے حوالے کردیا۔ پولیس نے سدھا کو حراست میں لے کر اُس سے تفتیش کی جس میں اُس نے بتایا کہ اُس کے شوہر نے دوسری شادی بھی کی ہے اور اُسے اندیشہ تھا کہ یہ بھاری رقم اور جائیداد میں سوتن کے نام کردے گا۔ پولیس نے برآمد شدہ رقم حاصل کرنے کے بعد خاتون کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔