سنیما گھروں اور ملٹی پلیکس میں اشیاء خورد و نوش کی من مانی قیمتیں

بلدیہ خاموش تماشائی ، عوام پر بھاری بوجھ ، ٹکٹوں کی شرح بھی غیر یکساں
حیدرآباد۔29 ڈسمبر(سیاست نیوز) سینما گھروں بالخصوص ملٹی پلکس تھیٹرس میں فروخت کی جانے والی اشیاء خورد و نوش کی من مانی قیمتوں کے متعلق متعدد شکایات کے باوجود حکومت اور محکمہ اوزان و پیمائش کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اختیار کردہ خاموشی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کمرشیل اداروں کی جانب سے عوام کو لوٹے جانے کا لائسنس فراہم کیا جاچکا ہے اور ان پر کوئی کاروائی نہیں کی جاسکتی ۔ محکمہ اوزان و پیمائش کی جانب سے متعدد مرتبہ تھیٹرس کے ذمہ داروں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اضافی قیمتیں وصول نہ کریں بلکہ اعظم ترین قیمتوں کی وصولی کے بل جاری کریں لیکن شہر کی بیشتر تھیٹرس میں اشیائے خورد و نوش کے بل جاری کرنے سے اجتناب کیا جاتاہے اور من مانی رقومات وصول کی جاتی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے جو کہ عوام کیلئے تکلیف کا سبب بنی ہوئی ہے۔ شہر میں چلائے جانے والے تھیٹرس اور ملٹی پلکس میں وصول کی جانے والی من مانی قیمتوں کے سلسلہ میں ریاستی قانون ساز کونسل میں بھی سوال اٹھائے جا چکے ہیں اس کے باوجود کوئی اقدامات نہ کئے جانے پر ارکان قانون ساز کونسل میں بھی ناراضگی پائی جاتی ہے اور کہا جار ہاہے کہ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کی جانب سے اختیار کردہ بے اعتنائی والے رویہ کے سبب تھیٹر مالکین من مانی کر رہے ہیں ۔ فلم بینی کیلئے جانے والے افراد کا کہنا ہے کہ تھیٹر میں سیکیوریٹی عملہ کی جانب سے پانی کا بوتل بھی اندر لیجانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اور عوام کو پانی بھی خرید کر پینے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے اور جس مقام پر پینے کے پانی کا انتظام کیا جاتاہے اس مقام پر پانی پینے کیلئے گلاس و غیرہ کا تک انتظام نہیں ہے جس کے سبب فلم بینی کیلئے پہنچنے والوں کو مجبوری میں کم از کم پینے کا پانی تو خریدنا پڑتا ہے ۔ اسی طرح تھیٹر س کے ٹکٹ اور کلاس کے سلسلہ میں بھی پائے جانے والے فرق پر بھی عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے کیونکہ تھیٹر کے ذمہ داروں کی جانب سے نئی اور مقبول فلموں کے ٹکٹ کی قیمتوں میں اپنے طور پر اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس اضافہ پر کنٹرول کیلئے کوئی اتھاریٹی موجود نہ ہونے کے سبب تھیٹر و ملٹی پلکس تھیٹرس کے خلاف کو ئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے ۔ حکومت کے اعلی عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تھیٹر کے ٹکٹس کے قیمتوں کے تعین کے سلسلہ میں اتھاریٹی کی تشکیل کے سلسلہ میں اقدامات جاری ہیںا وربہت جلد اس سلسلہ میں حکومت اقدامات کرے گی۔