سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن مشکوک ‘ بین الاقوامی کرکٹ سے معطل

دوبئی 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے آف اسپنر سنیل نارائن کو بین الاقوامی کرکٹ سے فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا جبکہ ان کے ایکشن کے ایک آزادانہ جائزہ میں یہ بات سامنے آئی کہ ان کا ایکشن غیرقانونی ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آج یہ توثیق کی ۔ آزادانہ جائزہ میں کہا گیا ہے کہ سنیل نارائن جو گیندیں پھینکتے ہیں وہ قوانین کی خلاف ورزی کی مروجہ حدود سے زیادہ ہیں۔ ان پر 17 نومبر کو آئی سی سی کے منظورہ ٹسٹنگ سنٹر انگلینڈ میں معائنہ کیا گیا تھا ۔ سنیل نارائن کے ایکشن کے تعلق سے سری لنکا کے خلاف پالیکیلے میں کھیلے گئے تیسرے ونڈے انٹرنیشنل میچ کے بعد شکایت کی گئی تھی ۔ نارائن کی بین الاقوامی معطلی پر تمام نیشنل فیڈریشنس کی جانب سے اندرون ملک کرکٹ ٹورنمنٹس میں عمل کیا جائیگا ۔ بین الاقوامی قوانین کے مطابق سنیل نارائن اپنے ایکشن میں بہتری پیدا کرنے کے بعد اس فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں۔