سنگور پروجیکٹ خشک دیکھ کر دِل مغموم : بابو موہن

حیدرآباد۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) ممتاز تلگو فلم اداکار و رکن اسمبلی بابو موہن نے اسمبلی سیشن کے آخری دن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے کہا کہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن میں سنگور پروجیکٹ کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ مکمل خشک ہوگیا اور اسے دیکھ کر ان کی آنکھ نم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ سنگور پروجیکٹ ہمیشہ لبریز رہا کرتا تھا ۔ یہاں پانی دیکھ کر ان کا دل باغ باغ ہوجاتا تھا۔ ان کے ایوان کے ریمارکس پر قہقہے گونج اُٹھے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ ان (بابو موہن) کے حلقہ ٔ اسمبلی کو درپیش مسئلہ کی یکسوئی کیلئے کیا اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ ان کے ضلع سے تعلق رکھنے والے مسٹر بابو موہن اور وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ دونوں بہت ہوشیار ہیں۔