سنگترہ کھائیں ، صحت بنائیں

سنگترے میں حیاتین الف ، ب اور ج کی بڑی مقدار اُسے دوسرے پھلوں سے ممتاز اور منفرد ٹھہراتی ہے اور ان خوبیوں سے اس کا استعمال کئی قسم کی بیماریوں میں انتہائی مفید سمجھا جاتا ہے ۔ سنگترے کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہ بڑی جلدی ہضم ہوجاتا ہے ، چونکہ اس میں گلوکوز اور کیلشیم کا جز وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے ۔ اس کے استعمال سے معدے کی تیزابیت بھی ختم ہوجاتی ہے اور بھوک بھی کھل کر لگتی ہے ۔ سنگترے کے رس میں شہد کی آمیزش سے گلے کی خراش جیسی تکلیف بھی جاتی رہتی ہے ۔ جبکہ یہ دیگر جسمانی افعال کو بھی بہتر بنانے میں معاون ہے ۔ بخار میں جب پیاس کی شدت زیادہ ہوتو سنگترے کی پھانکیں چوسنے سے پیاس میں کمی واقع ہوجاتی ہے ۔ اگر متلی کی شکایت ہوتو اس سے نجات پانے کیلئے سنگترہ مفید ہے ۔ سنگترہ حیاتین ج کی فراہمی کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔