سنگا کی ٹیم میں ڈراویڈ واحد ہندوستانی، تنڈولکر نظرانداز

سابق سری لنکائی کپتان کی دانست میں میتھیو ہیڈن کیساتھ ڈراویڈ بہترین اوپنر!
نئی دہلی ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) سچن تنڈولکر نے بھلے ہی سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنائے ہیں لیکن وہ کمار سنگاکارا کے آل ٹائم الیون کی فہرست میں جگہ نہیں پاسکے جبکہ راہول ڈراویڈ سابق سری لنکائی کپتان کی منتخب ٹیم میں واحد ہندوستانی ہیں۔ سنگا کا ماننا ہے کہ ڈراویڈ جو موجودہ انڈیا A کوچ ہیں، سابق آسٹریلیائی بیٹسمن میتھیو ہیڈن کے ساتھ اوپننگ کیلئے منتخب اسکواڈ میں بہترین ساتھی ہوں گے، جس کا کیپٹن سابق لنکن بیٹسمن اروندا ڈی سلوا کو بنایا گیا ہے، حالانکہ دنیائے کرکٹ میں کبھی بھی ڈراویڈ کو نہ بہترین اوپنر سمجھا گیا اور نہ ہی ڈی سلوا نے بحیثیت کپتان کوئی کارہائے نمایاں انجام دیا ہے۔ اس طرح سنگا کا چنندہ اسکواڈ کینہ پرور انتخاب معلوم ہورہا ہے، جس کا اعلان انھوں نے ایک ویڈیو میں کیا جسے سوشل میڈیا پر لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی جانب سے پیش کیا گیا ہے! فاسٹ بولنگ ڈپارٹمنٹ میں سابق پاکستان پیسر وسیم اکرم جنھیں سنگا بطور بیٹسمن ’ناقابل یقین چیلنج‘ سمجھتے ہیں، اُن کے ساتھ ایک اور لیفٹ آرم سری لنکائی اسٹار چمندا واس کو شامل کیا گیا ہے، جو ایک اور متنازعہ سلیکشن ہے! اس فہرست میں چار آسٹریلیائی اور تین سری لنکائی جبکہ انڈیا، پاکستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز سے ایک، ایک کھلاڑی کو جگہ دی گئی ہے۔ دوشنبہ کو سابق نیوزی لینڈ کیپٹن برینڈن مک کلم نے اپنی آل ٹائم الیون لسٹ پیش کی تھی جہاں تنڈولکر منتخب اسکواڈ میں واحد انڈین ہیں۔
سنگاکارا کے آل ٹائم بسٹ الیون:  میتھیو ہیڈن، راہول ڈراویڈ، برائن لارا، رکی پانٹنگ، اروندا ڈی سلوا (کیپٹن)، ژاک کالیس، آڈم گلکرسٹ (وکٹ کیپر)، شین وارن، متھیا مرلی دھرن، وسیم اکرم، چمندا واس۔