سنگاکارا کی سنچری ، انگلینڈ کیخلاف سری لنکا 7 رنز سے کامیاب

لندن۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) کمار سنگا کارا کی لارڈز پر پہلی سنچری نے سری لنکا کو چوتھے ونڈے میچ میں انگلینڈ کے خلاف اہم کامیابی دلائی۔ ایسے وقت جبکہ اولڈ ٹریفورڈ میں سری لنکا کو 67 رنز پر محدود کرتے ہوئے 10 وکٹس سے شکست ہوئی تھی ، اس کے برعکس آج سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹس کے نقصان سے 300 رنز بنائے۔ سنگاکارا کے 112 رنز کے علاوہ تلک رتنے دلشان (71) کے ساتھ انہوں نے 172 رنز جوڑے۔ انگلینڈ کو کامیابی کیلئے درکار 301 رنز کا نشانہ اس وقت مشکل ہوگیا جب لستھ ملنگا نے کیپٹن السٹر کک اور ایان بیل کو آؤٹ کردیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 10/2 تھا۔ جوز بٹلر اس وقت کھیلنے کیلئے آئے جب اسکور 111/5 تھا۔ انہوں نے 121 رنز کے ذریعہ ٹیم کی مقابلے میں واپسی یقینی بنائی لیکن ان کے رن آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم 8 وکٹس پر 293 رنز ہی بنا پائی۔