سنگاریڈی میں کانگریس کے جلسہ سے ٹی آر ایس کی الٹی گنتی

راہول گاندھی کی شرکت سے کارکنوں میں جوش و خروش ، محمد خواجہ فخر الدین
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے سنگاریڈی سے ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے راہول گاندھی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی مسلمانوں سے اپیل کی ۔ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ یکم جون کو سنگاریڈی میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا جلسہ عام منعقد کرنے سے حکمران ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ ٹی آر ایس کے قائدین کی کانگریس پر تنقیدوں سے اس کا اندازہ ہورہا ہے ۔ راہول گاندھی کے جلسہ عام کو لے کر کانگریس کیڈر میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے کیوں کہ یہ جلسہ اسی گراونڈ پر منعقد کیا جارہا ہے ۔ جہاں سے 1979 میں آنجہانی اندرا گاندھی نے خطاب کیا تھا اور اسی جلسہ عام سے سارے ملک میں کانگریس کا احیاء ہوا تھا یکم جون سے سارے ملک میں دوبارہ تاریخ دہرائی جائے گی اور ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوجائے گی کیوں کہ ٹی آر ایس کا تین سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں جو وعدے کیے گئے تھے ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا جس سے سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس حکومت سے بدظن ہوگئے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت خاندانی لمٹیڈ میں تبدیل ہوگئی ۔ سوائے کے سی آر اور ان کے تین ارکان خاندان کے حکومت میں کسی وزیر کا اثر و رسوخ نہیں ہے ۔ تلنگانہ عوام کے دیرینہ مطالبہ طویل احتجاج اور قربانیوں کا جائزہ لینے کے بعد صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ نئی ریاست میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کا وعدے کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر جمہوریت کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ڈیکٹیٹر شپ کی طرح کام کررہے ہیں یکم جون کو سنگاریڈی کے جلسہ عام سے راہول گاندھی کے سی آر اور نریندر مودی کی ناکامیوں پر چارج شیٹ پیش کریں گے ۔ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ وہ راہول گاندھی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے ریاست کے بیشتر اضلاع کا دورہ کرچکے ہیں ۔ اضلاع کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدور سے ملاقات کرتے ہوئے یا ربط پیدا کرتے ہوئے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے انداز میں کام کررہے ہیں اور وہ مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ بھاری تعداد میں جلسہ عام میں شرکت کرتے ہوئے جلسہ عام کو کامیاب بنائیے ۔۔