سنگاریڈی تا میاں پور میٹرو ریلوے لائن کی تنصیب کا مطالبہ

سنگاریڈی ۔ 30 ۔ جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میاں پور تا سنگاریڈی تک میٹرو ریلوے لائن کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی کے صدر ضلع میدک بچی ریڈی نے سنگاریڈی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امبیڈکر چوک سنگاریڈی تا میاں پور میٹرو ریلوے اسٹیشن تک دو روزہ مہا پدیاترا کا آغاز کیا جارہا ہے انہوں نے بی جے پی کارکنوں و قائدین کے ہمراہ میٹرو ریلوے لائن کا مطالبہ کرتے ہوئے سنگاریڈی سے پد یاترا کے ذریعہ موضع کندی پہنچے جہاں پر ان کا بی جے پی کارکنوں نے استقبال کیا ۔ بچی ریڈی صدر ضلع بی جے پی نے کہا کہ میٹرو ریلوے لائن کی منظوری انتہائی ضروری ہے چونکہ سنگاریڈی گریٹر حیدرآباد کے قریب واقع ہے اور آرڈیننس فیکٹری ، بی ڈی ایل ، بی ایچ ای ایل ، ایم آر ایف جیسے مشہور و معروف فیکٹریز کے علاوہ آئی آئی ٹی ، جے این ٹی یو ، میڈیکل کالج اور دیگر انجینئرنگ کالجس کے طلباء و طالبات اور فیکٹری ورکرس ملازمین ، کاروباری طبقہ کیلئے سنگاریڈی تا میاں پور میٹرو ریلوے لائن کی تنصیب ضروری ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری میاں پور تا پٹن چیرو ، سنگاریڈی اور سداسیو پیٹ تک میٹرو ریلوے لائن کو وسعت دی جائے ۔

انہوں نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا کہ کانگریس دور حکومت میں ہمیشہ سے ہی ریلوے بجٹ کی پیشکشی کے دوران علاقہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی یہاں تک کہ کانگریس اراکین اسمبلی و اراکین پارلیمان نے اس خصوص میں کچھ نہیں کیا تقریباً 35 سالوں سے کانگریس عوام کو ریلوے لائن منظور کروانے کا جھوٹا وعدہ کرتے ہوئے گمراہ کررہی ہے ۔ نارائن کھیڑ اور اندول کے عوام بھی ریلوے لائن کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ ضلع میدک کے کئی ایسے مقامات ہیں جہاں سے کچھ فاصلے سے ریل گذرتی ہے چند کیلو میٹر تک ہی ریلوے لائن کی تنصیب سے ریل کا آغاز کیا جاسکتا ہے ۔ کے ستیہ نارائنا سابق رکن اسمبلی و ریاستی نائب صدر بی جے پی نے کہا کہ میاں پور تا سنگاریڈی ، سداسیو پیٹ میٹرو ریلوے لائن کی تنصیب ضروری ہے اور بی جے پی کی دو روزہ مہا پدیاترا میں عوام خود شامل ہوئے ۔ میٹرو ریلوے لائن کا مطالبہ کررہے ہیں اس موقع پر تقریباً 500 بی جے پی کارکنان کی شرکت کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔