سنکیانگ میں متعدد چاقو بردار حملہ آور ہلاک

بیجنگ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)چین کے مغربی صوبہ سنکیانگ کی پولیس نے متعدد چاقو بردار حملہ آوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ ان حملہ آوروں نے سنکیانگ کے دو علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو بردار ایک گینگ نے پیر کو ساشے کاؤنٹی کے ایلیڑکو علاقے میں پہلے ایک تھانے پر حملہ کیا اور پھر سرکاری دفاتر کو نشانہ بنایا۔ بعض حملہ آور قریبی علاقے ہوانگدی جا پہنچے، جہاں انہوں نے عام شہریوں پر حملے کیے۔ انہوں نے وہاں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی اور انہیں آگ لگا دی۔ رائٹرز کے مطابق یہ واضح نہیں کہ چینی حکام نے یہ خبر منگل کو کیوں جاری کی۔ چینی خبر رساں ادارے سنہوا نے ایک مختصر رپورٹ میں بتایا: ’’موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے بلوہ کرنے والے گروہ کے متعدد ارکان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔‘‘ ژنہوا کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ یہ دہشت گردی کی ایک ’منظم اور سوچی سمجھی‘ کارروائی تھی۔ اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں ایغور نسل کے لوگ ہی نہیں بلکہ سنکیانگ کی اکثریتی ہان نسل کی چینی آبادی کے افراد بھی شامل ہیں۔ امریکہ میں موجود جلاوطن ورلڈ ایغور کانگریس کی صدر رابعہ قدیر نے برداشت کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔