سندھو اور سائنا انڈیا اوپن میں خطاب کیلئے پرعزم

نئی دہلی۔25 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بیڈمنٹن ا سٹار پی وی سندھو اور سائنا نہوال 26 مارچ کو اندرا گاندھی بین الاقوامی اسٹیڈیم کے کے ڈی جادھو انڈورہال میں شروع ہونے والے 350,000 ڈالرس امریکی انعام رقم کے یونیکس سنرائیڈ انڈیا اوپن کے نویں ایڈیشن میں ہندستانی دبدبے کو لوٹانے کے مقصد کے ساتھ اتریں گی۔سندھو، سائنا اورسرفہرست مرد کدامبی سری کانت کو انڈیا اوپن کے لئے حال میں ہانگ کانگ میں ہوئی ایشیائی مکسڈ ٹیم بیڈمنٹن چمپئن شپ سے آرام دیا گیا تھا۔ ہندستان اس چمپئن شپ میں گزشتہ سال کوارٹر فائنل میں پہنچا تھا لیکن اس وقت وہ گروپ مرحلے میں ہی باہر ہو گیا تھا۔ سندھو اور سائنا کو انڈین اوپن میں بالترتیب دوسری اور پانچویں سیڈ دی گئی ہے۔ سائنا اس ٹورنمنٹ میں 2010 اور2015 میں خطاب جیت چکی ہیں جبکہ سندھو نے2017 میں خطاب جیتا تھا۔ سری کانت نے 2015 میں مردوں کے سنگلز خطاب اپنے نام کیا تھا۔ ہندوستان کو2010 میں وی دیجو اورجوالہ گٹا نے مکسڈ ڈبلز کا خطاب دلایا تھا۔ پچھلے سیزن میں ہندستان پانچوں زمروں میں ایک بھی خطاب نہیں جیت پایا تھا۔سندھو اور سائنا کو مختلف گروپ میں رکھا گیا ہے۔ سندھو کا پہلے دور میں ہم وطن مگدھا اگرے سے مقابلہ ہوگا جبکہ سائنا کے سامنے چین کی کائی یانیان کا چیلنج ہوگا۔ سائنا کا سیمی فائنل میں آل انگلینڈ چمپئن شپ کی نئی فاتح اور اس ٹورنمنٹ میں سرفہرست چین کی چین یوفئی سے مقابلہ ہو سکتا ہے۔دوسری مرتبہ خطاب جیتنے کی تلاش میں موجود سری کانت کا پہلا مقابلہ ہانگ کانگ کے وونگ ونگ ونسنٹ سے ہوگا۔ مردوں کے سنگلز میں اچھی خاصی تعداد میں ہندوستانی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ اس سال چھ کھلاڑی اس زمرے میں ہیں۔