سنجے دت کی 30 دن کی پیرول پر رہائی

بیٹی کی ناک کی سرجری کیلئے رہائی کی درخواست منظور
پونے ۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سنجے دت جو 1993ء کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے کیس میں پانچ سال کی سزا کاٹ رہے ہیں، کو آج حکام نے 30 دن کی پیرول منظور کی ہے۔ اپنی بیٹی کی علالت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے پیرول پر رہائی کی درخواست کی تھی۔ 56 سالہ اداکار جو جنوری میں 14 روزہ رہائی کے بعد سنٹرل جیل ایروڈا واپس ہوئے تھے، ایک دو دن میں دوبارہ جیل سے باہر آئیں گے۔ 1993ء ممبئی دھماکوں کے کیس میں غیرقانونی طور پر ہتھیار رکھنے کی پاداش میں اسلحہ قانون کے تحت انہیں سزا دی گئی ہے۔ سنجے دت کو مئی 2013ء میں جیل ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے اب تک وہ 146 دن جیل سے پیرول پر باہر رہے ہیں۔ سنجے دت نے حال ہی میں اپنا دختر کی علالت ناک کی سرجری کا حوالہ دیتے ہوئے پیرول کی منظوری کی اپیل کی تھی۔ جیل عہدیدار ملند کورلکر نے کہا کہ انہیں 30 دن کی پیرول کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ڈیویژنل کمشنر نے ان کی اپیل قبول کرتے ہوئے احکام جاری کئے ہیں۔ سنجے دت کو ایک دو دن میں رہا کردیا جائے گا۔