سنجے دت کو قانون کے مطابق پیرول

ممبئی۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے آج بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو دی گئی تیسری پیرول پر رہائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون کے مطابق ہے اور کسی بھی طرح سے قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنجے دت کی پیرول میں اضافہ کے فیصلے میں کسی قسم کا کوئی سیاسی مقصد پوشیدہ نہیں ہے اور اصول و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سنجے دت کو دوسرے پیرول کے بعد 21 فروری تک یروڈہ جیل واپس ہوجانا تھا جنہیں بم دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام پر پانچ سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ قبل ازیں سنجے دت کو ڈسمبر میں بھی پیرول پر رہائی دی گئی تھی جس کے بعد یروڈا جیل کے باہر احتجاج کیا گیا تھا اور حکومت کو انکوائری کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

سنجے دت کو تیسری مرتبہ ملی پیرول پر تنقیدیں
شیو سینااور بی جے پی کو اعتراض پیرول کیخلاف عدالت میں درخواست
ممبئی۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو تیسری مرتبہ ملنے والے پیرول پر سیاست گرما گئی ہے۔ کئی سیاسی جماعتوں نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے، خصوصاً بی جے پی اور شیوسینا نے سنجے دت پر کی گئی اس مہربانی کو لے کر کانگریس کو کٹہرے میں کھڑا کردیا ہے۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے سوال کیا ہے کہ سنجے دت پر اتنی مہربانی کیوں کی جارہی ہے، قانون سب کے لئے یکساں ہونا چاہئے۔ اگر انہیں اتنی رعایت مل رہی ہے تو مالیگاؤں بم دھماکے کے ملزمین کے ساتھ الگ رویہ اختیار کیوں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ سنجو بابا کی ہمشیرہ پریہ دت کانگریس رکن پارلیمان ہیں،

اس لئے سنجے دت کو اس کا فائدہ ہورہا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی نے بھی منا بھائی کو ملی پیرول پر سوال اٹھائے ہیں۔ دریں اثناء سنجے کو ملے پیرول کے خلاف بامبے ہائیکورٹ میں آئی پی ایل داخل کی گئی ہے۔ اس درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ یروڈا جیل کے انتظامیہ نے 53 سالہ سنجے دت کی پیرول کی مدت میں اضافہ کے لئے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔ واضح رہے کہ 1993ء کے ممبئی بم دھماکے کے معاملے میں سزا کاٹ رہے بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی پیرول کی مدت ایک اور مہینہ بڑھا دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اداکار کی اہلیہ مانیتا دت کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے پیرول کی درخواست کی گئی تھی۔ حال ہی میں مانیتا کی سرجری بھی ہوئی ہے۔ سنجے دت کی پیرول کی مدت 21 مارچ تک بڑھا دی گئی ہے۔