سنجیوکھنہ اندرانی کے ڈرائیور کی رائے گڑھ کے جنگل منتقلی

دوران تفتیش سنجیوکھنہ اور اندرانی میں باہم الزام تراشی‘ شینا کا صرف ڈھانچہ دستیاب ہوا
ممبئی۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) اندرانی مکرجی کے سابق شوہر سنجیوکھنہ اور اندرانی کے ڈرائیور شیام رائے کو آج ضلع رائے گڑھ کے جنگل میں منتقل کیا گیا تاکہ شینابورا قتل مقدمہ کی ممبئی پولیس کی جانب سے تحقیقات کیلئے ثبوت جمع کرنے کی کوشش کامیاب ہوسکے ۔ ملزم سنجیوکھنہ کو کھارپولیس اسٹیشن سے لایا گیا اور وہاں سے جنگل منتقل کیا گیا ۔ کل تفتیش کے دوران اندرانی اور سنجیو نے جرم کیلئے ایک دوسرے کو ذمہ دار قرار دیا تھا ۔ اندرانی کے فرزند اور شینا کے بھائی میخائل بورا سے بھی باندرا کی ایک ہوٹل میں کل تحقیقات کی گئیں ۔

پولیس میخائل کے اس دعویٰ کی بھی تحقیقات کررہی ہے کہ چند گھنٹے قبل اندرانی اور سنجیو نے 24اپریل 2012ء کو شینا سے ملاقات کی تھی اور اسے اُس کی زندگی کے آخری سفر کیلئے ساتھ لے گئے تھے ۔ اندرانی نے مبینہ طور پر اُسے منشیات استعمال کروائی تھی ‘ اُن کی واپسی تک مشکوک میخائل فرار ہوچکا تھا ۔ ضلع رائے گڑھ کے ایک دیہی عہدیدار نے ممبئی پولیس کی ٹیم کی مدد کرتے ہوئے انہیں شینا بورا کے تدفین کا مقام دکھایا ۔ اُس نے آج کہا کہ جب 2012ء میں اُس کو پہلی بار دیکھا گیا تھا تو وہ صرف ہڈیوں کا ڈھانچہ تھی ۔ پولیس پٹیل گنیش بھینے نے کہا کہ کیا اُس نے شینا کی باقیات دیکھی ہیں ‘ جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں آم جمع کرنے گیا ہوا تھا ‘ نعش سوٹ کیس میں نہیں تھی ۔ اطراف کا علاقہ جلا دیا گیا تھا ۔ اندرانی اس کا ڈرائیور شیام رائے اور کھنہ نے کل کھار پولیس اسٹیشن میں تفتیش کے دوران ایک دوسرے کو جرم کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ پولیس کے بموجب کھنہ اور اندرانی غیر واضح جواب دے رہے تھے ۔