سمرتی ایرانی نے صدر کانگریس کو پیدائشی جھوٹا قرار دیا

پاریکر۔راہول ملاقات تنازعہ

نئی دہلی ۔ 31جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی کی وزیراعلیٰ گوا منوہر پاریکر سے ملاقات تنازعہ پر مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے کہا کہ صدر کانگریس پیدائشی جھوٹے ہیں اور تعجب کا اظہار کیا کہ کیا وہ ’’ ہندوستان کے پہلے سچے سیاستداں ہوسکتے ہیں ‘‘ ۔ ایرانی کے بیان پر پلٹ وار کرتے ہوئے کانگریس ترجمان جئے ویر شرگل نے کہا کہ ایرانی ’’ ایک مایوسانہ لیڈر ہیں اور اپنی سیاسی بقاء کیلئے گذشتہ 15سال سے گاندھی کی بے عزتی کرتی چلی آرہی ہیں اور ایرانی کو جان لینا چاہیئے کہ وہ مسلسل راہول گاندھی پر رکیک حملے کر کے 2019ء کا انتخاب نہیں جیت سکتی اور نہ ہی ان کو ’’بھرشٹ جملہ پارٹی ‘‘ سے کسی بھی قسم کی ایمانداری کے سرٹیفیکٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ پاریکر نے چہارشنبہ کو راہول گاندھی پر الزام لگایا تھا کہ صرف ایک خیرسگالی ملاقات کو راہول گاندھی رافیل معاملت سے جوڑ کر معمولی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس کے جواب میں گاندھی نے کہا تھا کہ انہوں نے کسی بھی قسم کی تفصیلات پر گفتگو نہیںک ی اور بی جے پی لیڈر سخت ذہنی تناؤ میں نظر آرہے تھے ۔ اپنے فیس بک پوسٹ میں وزیر ٹکسٹائیل ایرانی نے تحریر کیا کہ ’’ بلاشبہ گاندھی ایک پیدائشی جھوٹے ہیں اور سیاسی طرز اس بات پر قرار دے رہا ہے کہ اس شخص سے سماجی ارتباط بھی رکھنا خطرے سے خالی نہیں ہے ۔